تعزیت کے موقع پر کہے جانے والے بہترین کلمات
تعزیت کا مقصد مصیبت زدہ کو صبر کی تلقین کرنا ہے، اور اس کے لیے شریعت میں کوئی خاص الفاظ مقرر نہیں کیے گئے۔ بہتر یہ ہے کہ وہ الفاظ کہے جائیں جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے تعزیت کے موقع پر ارشاد فرمائے، جیسے: { إِنَّ لِلَّهِ مَا أَخَذَ، وَلَهُ مَا أَعْطَى، وَكُلٌّ عِنْدَهُ بِأَجَلٍ مُسَمًّى، فَلْتَصْبِرْ وَلْتَحْتَسِبْ}’’بیشک اللہ ہی کا ہے جو اس نے لیا، اور اسی کا ہے جو اس نے دیا، اور ہر چیز کی اس کے ہاں ایک مقرر مدت ہے، لہٰذا تم صبر کرو اور اجر کی امید رکھو‘‘۔ عام طور پر کہے جانے والے تعزیتی الفاظ یہ ہیں: {عَظَّمَ اللهُ أَجْرَكَ، وَأَحْسَنَ اللهُ عَزَاءَكَ، وَغَفَرَ لِمَيِّتِكَ، أَلْهَمَكَ اللهُ صَبْرًا، وَأَجْزَلَ لَنَا وَلَكَ بِالصَّبْرِ أَجْرًا } ’’اللہ تعالیٰ آپ کا اجر عظیم فرمائے، آپ کے غم میں آسانی فرمائے، آپ کے مُردے کو بخش دے، اور آپ کو صبر عطا فرمائے، اور ہمیں اور آپ کو اس صبر پر اجر جزیل عطا فرمائے۔