جمعرات 18 رمضان 1445 - 28 مارچ 2024
اردو

کاسمیٹیکس کا سامان فروخت کرنے کا حکم

سوال

عطر، آرٹیفشل جیولری، اور کاسمیٹکس وغیرہ کی اشیا ایسی خواتین کو فروخت کرنے کا کیا حکم ہے جو انہیں پہن کر گھر سے باہر اجنبی لوگوں کے سامنے نکلیں گی۔

جواب کا متن

الحمد للہ.

ان چیزوں کو فروخت کرنے کا حکم بیان کرنے کے لیے کچھ تفصیل بیان کرنا ہو گی:

1- یہ چیزیں ایسی خاتون کو فروخت کی جائیں جو یقینی طور پر انہیں پہن کر بے پردگی کرے گی، تو ایسی خاتون کو یہ فروخت کرنا جائز نہیں ہے۔

2- آپ یہ چیزیں ایسی خاتون کو فروخت کریں جو اسے جائز طریقے سے استعمال کرے گی تو اسے یہ فروخت کرنا جائز ہے۔

3- اور اگر آپ کو خریدار کے بارے میں علم نہیں ہے کہ وہ کیسے استعمال کرے گی، تو پھر بھی اسے فروخت کرنا جائز ہے۔

دائمی فتوی کمیٹی سے پوچھا گیا:

خواتین کے لیے اشیائے  زیب و زینت کی تجارت کرنے کا کیا حکم ہے؟ کہ ان چیزوں کو ایسی خواتین میں فروخت کیا جائے جن کے بارے میں معلوم ہو کہ وہ ان چیزوں کو اجنبی مردوں کے سامنے پہنیں گی؛ کیونکہ وہ لڑکی دکاندار کے سامنے بھی ایسی ہی حالت میں ہوتی ہے، اور کچھ علاقوں میں ایسے ہی صورت حال عام طور پر دیکھنے کو ملتی ہے۔

تو کمیٹی نے جواب دیا:
"اگر دکاندار کو علم ہو کہ ان چیزوں کو خریدنے والا شخص حرام راستے میں استعمال کرے گا تو اسے یہ چیزیں فروخت کرنا جائز نہیں ہو گا؛ کیونکہ اس طرح گناہ اور جارحیت کے کاموں میں تعاون ہو گا، لیکن اگر دکاندار کو علم ہو جائے یہ عورت ان چیزوں کو اپنے خاوند کے سامنے ہی پہنے گی ، یا اسے بالکل معلوم ہی نہ ہو کہ وہ عورت اسے کیسے استعمال کرے گی تو پھر اسے فروخت کرنا جائز ہو گا۔" ختم شد
دائمی فتوی کمیٹی: (13/67)

اس بارے میں مزید کے لیے آپ سوال نمبر: (34674 )، اور (3149 ) کا جواب ملاحظہ کریں۔

ماخذ: الاسلام سوال و جواب