جمعہ 19 رمضان 1445 - 29 مارچ 2024
اردو

غیر ملکی سفر کے دوران رمضان شروع ہوگیا لیکن اس نے وہاں مسافر ہونے کی وجہ سے روزہ نہیں رکھا، تو کیا قضادینا پڑے گی؟

سوال

میرا تعلق مصر سے ہے، میں رمضان سے ایک دن قبل ترکی گیا ، اور میرے ترکی پہنچنے کے ایک دن کے بعد وہاں پر رمضان شروع ہوگیا، لیکن مصر میں ابھی شروع نہیں ہوا تھا، کیونکہ مصر میں ایک دن بعد چاند نظر آیا تھا، تو میں نے ترکی میں ہوتے ہوئے پہلے دن روزہ نہیں رکھا، کیونکہ مصر میں ابھی تک ماہ رمضان داخل نہیں ہوا تھا، اور میں نے مصر کیساتھ روزے رکھنا شروع کئے، میں ترکی میں پانچ دن رہا، اور مصر میں رمضان کے 30 روزے مکمل کئے، تو کیا پہلے دن میں نے سفر کی وجہ سے روزہ چھوڑ کر ٹھیک کیا؟ رمضان کا پہلا دن ترکی میں میرا دوسرا دن تھا، اور میں اس دن بہت زیادہ تھکا ہوا تھا، کیونکہ پہلے دن ہوٹل کی تلاش میں سارا دن سر گرداں رہا تھا، تو کیا مجھے اس دن کی قضا دینا ہوگی، یا مجھ پر قضا نہیں ہے کہ میں نے رمضان کے 30 روزے مکمل رکھے ؟ یا مجھے پر قضا اور کفارہ لازم ہونگے کہ میں نے عمداً روزہ چھوڑا تھا؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

کسی علاقے میں جانے والے مسافر کیلئے اصول یہی ہے کہ اسی علاقہ والوں کیساتھ روزے رکھے، اور چھوڑے،اس کیلئے روزے رکھنے یا چھوڑنے میں اہل علاقہ کی مخالفت کرنا درست نہیں ہے۔

اس بات کا بیان پہلے سوال نمبر: (106491) اور (71203) کے جواب میں گزر چکا ہے۔

لیکن آپ رمضان کے شروع ہونے کے وقت مسافر تھے، تو سفر کی شرعی رخصتوں پر عمل کرتے ہوئے روزہ چھوڑنے کی وجہ سے آپ پر کچھ نہیں ہے۔

اور آپ نے جس دن کا روزہ چھوڑا تھا اس دن کی قضا دینا ضروری ہے؛ کیونکہ وہ روزہ اس ملک میں آپ پر واجب تھا۔

اور مصر میں آپکے تیس روزے مکمل ہونے سے اُس روزے کی قضا نہیں ہوگی؛ کیونکہ تیسویں روزے کو آپ نے اس روزے کیلئے قضا کی نیت نہیں کی تھی۔

اور ہم نے یہ مسئلہ شیخ عبد الرحمن البراک حفظہ اللہ کے سامنے پیش کیا تو انہوں نے قضا واجب ہونے کا فتوی دیا۔

مزید وضاحت کیلئے آپ سوال نمبر: (93432)کا جواب ملاحظہ فرمائیں۔

واللہ اعلم .

ماخذ: الاسلام سوال و جواب