سونے سے پہلے وضو کرنا مستحب عمل ہے، چنانچہ انسان کو سونے سے پہلے وضو کا اہتمام کرنا چاہیے۔
حدیث مبارکہ میں اس عمل کا تذکرہ ملتا ہے، آپ صلی اللہ علیہ و سلم کا فرمان ہے: (جب تم اپنے بستر کی طرف آؤ تو نماز جیسا وضو کرو۔) اسے بخاری : (247) اور مسلم : (2710) نے روایت کیا ہے۔
ابن حجر رحمہ اللہ کہتے ہیں:
اس حدیث کے الفاظ سے ظاہر تو یہی ہوتا ہے کہ جو شخص بھی سونا چاہے تو وہ تجدید وضو کر لے، چاہے اس کا پہلے والا وضو قائم ہو۔
اور علامہ نووی رحمہ اللہ کہتے ہیں: اگر کسی کا وضو قائم ہے تو یہی وضو اس کے لیے کافی ہے؛ کیونکہ یہاں با وضو حالت میں سونا مقصود ہے کہ اگر اس رات موت آئے تو وضو کی حالت میں ہو اور خواب بھی سچا آئے، اور نیند میں شیطان تنگ نہ کرے اور ڈرا دھمکا نہ سکے۔