جمعہ 10 شوال 1445 - 19 اپریل 2024
اردو

زمين كے اندر پيدا ہونے والى سبزياں كھانا

1990

تاریخ اشاعت : 15-10-2008

مشاہدات : 6187

سوال

ميں ايك عورت كے درس ميں جاتى ہوں اس نے درس ميں كہا كہ زمين كے اندر پيدا ہونے والى سبزياں مكروہ ہيں، اور كئى ايك اشياء كو اكٹھا ايك ہى برتن ميں پكانا حرام ہے، برائے مہربانى آپ اس كے متعلق واضح كريں آيا اس كى يہ بات صحيح ہے يا نہيں ؟
ہمارى عادت ہے كہ زمين كے اندر پيدا ہونے والى پانچ يا چھ سبزياں اكٹھى ايك ہى برتن ميں پكاتے ہيں، كيا اس كى بات صحيح ہے يا غلط ؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

اللہ سبحانہ و تعالى كا فرمان ہے:

وہ اللہ جس نے تمہارے ليے زمين كى تمام چيزوں كو پيدا كيا... البقرۃ ( 29 ).

اور ايك مقام پر اللہ سبحانہ و تعالى كا فرمان اس طرح ہے:

اے لوگوں زمين ميں جو كچھ ہے اس سے حلال اور پاكيزہ اشياء كھاؤ، اور شيطان كى پيروى مت كرو، يقينا وہ تمہارے ليے واضح اور كھلا دشمن ہے البقرۃ ( 168 ).

اور دوسرے مقام پر ارشاد بارى تعالى ہے:

آپ فرما ديجئے كہ اللہ تعالى كے پيدا كيے ہوئے اسباب زينت كو جو اللہ نے اپنے بندوں كے واسطے بنائے ہيں، اور كھانے پينے كى حلال چيزوں كو كس شخص نے حرام كيا ہے آپ كہہ ديجئے كہ يہ اشياء اس طور پر كہ قيامت كے روز خالص اہل ايمان كے ليے ہونگى، اور دنياوى زندگى ميں مومنوں كے ليے بھى ہيں، ہم اسى طرح تمام آيات كو سمجھ داروں كے ليے صاف صاف بيان كرتے ہيں الاعراف ( 32 ).

اس سے ہميں يہ علم ہوتا ہے كہ زمين جو كچھ بھى اگاتى ہے وہ اصل ميں حلال ہے، اور بغير كسى شرعى دليل كے اسے حرام يا مكروہ كہنا جائز نہيں، اس ليے ہم يہ سوال كرتے ہيں كہ زمين كے اندر اگنے والى سبزياں مثلا آلو، گاجر اور پياز، لہسن، مولى، شلجم وغيرہ كى حرمت يا كراہت كى كيا دليل ہے ؟؟

پھر اس عورت نے جو قاعدہ اور اصول بيان كيا ہے وہ كتنا ہى عجيب و غريب ہے ـ جس كے پس منظر سے ہم تو واقف نہيں ـ وہ يہ كہ مكروہ اشياء كو ملا كر ايك ہى برتن ميں پكانے كے نتيجہ ميں وہ حرام ہو جاتى ہيں ؟!

اگر تو اس كے نتيجہ ميں كوئى نشہ آور يا زہريلى چيز بن جائے، يا پھر پكائى گئى چيز حرام ہوتى مثلا خنزير كا گوشت ہوتا تو ہم كہتے كہ اس كا كھانا حرام ہے، ليكن جو آپ نے ذكر كيا ہے كہ زمين كے نيچے اگنے والى پانچ يا چھ سبزياں اكٹھى پكاتى ہيں، يہ مباح ہے اور اس ميں كوئى حرج نہيں.

ہم آپ كو نصيحت كرتے ہيں كہ آپ لا علم شخص كى كلام كو كوئى وزن نہ ديں، اللہ تعالى سے دعا ہے كہ وہ ہميں حق نصيب فرمائے، اور ہميں دين كى سمجھ عطا فرمائے، اللہ تعالى ہمارے نبى محمد صلى اللہ عليہ وسلم پر اپنى رحمتيں نازل فرمائے.

واللہ اعلم .

ماخذ: الشیخ محمد صالح المنجد