جمعرات 16 شوال 1445 - 25 اپریل 2024
اردو

ایک تاجر پوچھ رہا ہے کہ کسی کمپنی کی مصنوعات سے اس کا نام مٹانا یا کسی اور کا نام لکھنا کیسا ہے؟

سوال

میں نے کافی مقدار میں اے سی کے کمپریسر خریدے ہیں، اس کمپریسر پر اسے بنانے والی کمپنی کا نام بھی لکھا ہوا ہے، یہ کمپنی بیرون ملک میں ہے تو کیا میں اس کمپنی کا نام مٹا کر اس پر کوئی اور نام لکھ سکتا ہوں؟ مقصد یہ ہے کہ کسی کو یہ نہ پتا چلے کہ یہ کمپریسر کہاں سے آیا ہے؛ کیونکہ یہ چیز بہت اچھی ہے اور میں نہیں چاہتا ہے کہ کسی اور تاجر کے پاس یہ کمپریسر آئے؛ کیونکہ اس کی تلاش میں میں نے بہت محنت کی ہے اور آخر کار مجھے یہ چیز مل ہی گئی۔ یا یہ کہ میں اس پر کسی کا بھی نام نہ ڈالوں، تو کیا یہ جائز ہو گا؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

اگر کمپریسر بنانے والی اس کمپنی کا نام مٹانے پر خریدار یا اس کمپنی کو کسی قسم کا دھوکا یا نقصان نہیں ہوتا تو اس میں کوئی ممانعت نہیں ہے۔

کیونکہ ایسا ہوتا ہے کہ مصنوعات بنانے والی کمپنیاں بسا اوقات صرف اس لیے اپنی قیمت کم کر دیتی ہیں کہ درآمد کنندگان تاجروں کی وجہ سے ان کی مصنوعات کی تشہیر ہوتی ہے، اور ان کی مصنوعات کی فروخت میں بہتری آتی ہے، تو ایسے میں کمپنی کا نام مٹانے پر کمپنی کو نقصان ہو گا؛ کیونکہ قیمت کم کرنے کا مقصد پورا نہیں ہوا، اور ایسا بھی ممکن ہے کہ آپ کمپنی کے ساتھ کیے گئے معاہدے کی خلاف ورزی کر رہے ہوں۔

اور ایسا بھی ممکن ہے کہ کسی کمپنی کا نام ہی اس چیز کے غیر معیاری ہونے کی علامت ہوتا ہے، ایسے میں اس کمپنی کا نام مٹانے پر خریدار کو دھوکا ہو گا؛ کیونکہ اگر خریدار کو معلوم ہو کہ یہ فلاں کمپنی کی بنائی ہوئی چیز ہے تو وہ اسے سرے سے خریدے گا ہی نہیں، یا اس چیز کی مقرر کی گئی قیمت پر نہیں خریدے گا۔

چنانچہ اگر تیار کنندہ کمپنی کا نام مٹانے پر دھوکا اور خریدار کے لیے نقصان نہ ہو ، یا اس بات کا وہم نہ دیا جائے کہ یہ کسی معروف اچھی کمپنی کی مصنوعات میں سے ہے تو ان شاء اللہ امید ہے کہ اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔

لیکن بہتر یہ ہے کہ اگر ممکن ہو سکے تو آپ یہ کام متعلقہ کمپنی سے طے کر کے کریں۔

واللہ اعلم

ماخذ: الاسلام سوال و جواب