منگل 7 شوال 1445 - 16 اپریل 2024
اردو

ٹى وى پر پروگرام پيش كرنے والے شخص كا رشتہ

127936

تاریخ اشاعت : 23-10-2010

مشاہدات : 4959

سوال

ميرى عمر چھبيس برس ہے اور ميرے ليے ايك بااخلاق اور ديندار نوجوان كا رشتہ آيا ہے، اس ميں ہر اچھى صفت پائى جاتى ہے، وہ اچھے دل كا مالك ہے اور محبت كرنے والا ہے، ليكن اس رشتہ كو قبول كرنے ميں تاخير كا سب سے بڑا سبب اس كى ملازمت ہے.
وہ ٹيلى ويزن پر مختلف قسم كے پروگرام اور انعامى مقابلہ جات پيش كرنے كى ملازمت كرتا ہے، فى الحال وہ صبح كے وقت پيش كيے جانے والے پروگرام مثلا سياحت و صحت اخبار، كھيل انٹرويو وغيرہ پيش كرتا ہے، اور يہ اشياء مرد و عورت كے اختلاط اور موسيقى سے خالى نہيں ہوتے.
ميرا سوال يہ ہے كہ آيا وہ اس ملازمت سے جو تنخواہ حاصل كرتا ہے وہ حلال ہے يا حرام ؟
كيا ميں اس سے رشتہ ازواج ميں منسلك ہو جاؤں، صراحت كے ساتھ كہتى ہوں كہ ميں ايك رشتہ دار ہونے كى بنا پر اسے بطور خاوند چاہتى ہوں، ميں بچپن سے ہى اس كو پسند كرتى ہوں، كہيں اس شخص كے ساتھ رشتہ ازواج ميں منسلك ہو كر گناہگار تو نہيں ٹھرونگى اور اپنى پروردگار كى معصيت تو نہيں ہوگى ؟
اگر اللہ سبحانہ و تعالى كا خوف اور ڈر نہ ہوتا تو ميں سوال نہ كرتى، برائے مہربانى مجھے جواب عنائت كريں تا كہ ميں كوئى فيصلہ كر سكوں ؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

اول:

آپ نے اپنے دينى معاملہ ميں سوال كر كے بہت اچھا كيا ہے اور پھر اپنى معاش كے اچھا اور پاكيزہ ہونے كے بارہ ميں بھى دريافت كرنا اچھى چيز ہے، اسى طرح نيك و صالح خاوند كى حرص ركھنا بھى، اللہ سبحانہ و تعالى سے دعا ہے كہ وہ آپ كے ليے ان امور ميں آسانى پيدا فرمائے.

دوم:

ٹى وى پر انعامى پروگرام اس طريقہ پر پيش كرنا جو آپ نے بيان كيا ہے كہ اس ميں مرد و عورت كا اختلاط اور گانے اور موسيقى شامل ہے يہ حرام اور حلال دونوں پر مشتمل ہے، اس ميں خير اور شر دونوں موجود ہيں؛ كيونكہ مرد و عورت كے اختلاط اور موسيقى و گانے بجانے اور عورتوں كى تصاوير كى حرمت ثابت ہے.

اور جو چيز حرام ہو اسے پيش كرنا اور اس ميں معاونت كرنا جائز نہيں؛ كيونكہ اللہ سبحانہ و تعالى كا فرمان ہے:

اور تم نيكى و بھلائى كے كاموں ميں ايك دوسرے كا تعاون كرو، اور برائى و شر اور گناہ و ظلم و زيادتى ميں ايك دوسرے كا تعاون مت كرو، اور اللہ تعالى كا تقوى اور ڈر اختيار كرو، يقينا اللہ تعالى بڑے شديد عذاب والا ہے المآئدۃ ( 2 ).

اور ارشاد بارى تعالى ہے:

يقينا وہ لوگ جو مومنوں ميں فحاشى پھيلانا پسند كرتے ہيں ان كے ليے دنيا اور آخرت ميں المناك عذاب ہے، اور اللہ تعالى جانتا ہے تم نہيں جانتے النور ( 19 ).

رسول كريم صلى اللہ عليہ وسلم كا فرمان ہے:

" جس كسى نے بھى ہدايت كى طرف راہنمائى كى تو اسے اس پر عمل كرنے والے جتنا اجرملےگا، اور ان كے اجروثواب ميں كوئى كمى نہيں كى جائيگى، اور جس نے كسى گمراہى كى طرف راہنمائى كى تو اس پر عمل كرنے والا كا بھى گناہ ہے ان كے گناہ ميں كوئى كمى نہيں كى جائيگى "

صحيح مسلم حديث نمبر ( 4831 ).

مزيد تفصيل كے ليے آپ سوال نمبر ( 1200 ) اور ( 5000 ) كے جوابات كا مطالعہ ضرور كريں.

حرام كام پر حاصل ہونے والى كمائى اسى قدر حرام ہے جس قدر وہ كام تھا.

رہا معاملہ انعامى مقابلوں كا تو اس ميں كچھ تو مباح ہيں اور كچھ حرام، جن انعامى مقابلوں ميں شريك ہونے والا شخص شريك ہونے كے ليے مال ادا كرتا ہے چاہے وہ كال كرنے كى قيمت ہى كيوں نہ ہو؛ تو يہ حرام ہونگے، اور يہ جوا اور قمار بازى كى ايك قسم كہلاتى ہے.

پھر يہ كسى پر مخفى نہيں كہ اس ماحول ميں ملازمت كرنے ميں كئى اور بھى برائياں پائى جاتى ہيں، كيونكہ يہاں مرد و عورت كا اختلاط پايا جاتا ہے، اور وہاں ايسے لوگ ہوتے ہيں جن كے بارہ ميں ظن غالب يہى ہے كہ وہ فاسق و فاجر ہيں اور دين ميں كمى ركھتے ہيں.

اس ليے اس نوجوان كو نصيحت كريں، اگر تو وہ نوجوا نتوبہ كر كے يہ ملازمت ترك كر ديتا ہے، اور كوئى مباح اور جائز ملازمت كرتا ہے تو پھر اس سے شادى كرنے ميں كوئى مانع نہيں.

ليكن اگر وہ يہى ملازمت جارى ركھتا ہے تو پھر اس نوجوان ميں كوئى خير نہيں؛ كيونكہ اس كے مال ميں حلال و حرام دونوں مختلط ہيں، اور ارد گرد كے ماحول ميں گھرے ہونے كى بنا پر خدشہ ہے كہ وہ بھى كمزور ہو كر وہى كام كرنے لگےگا.

اللہ سبحانہ و تعالى سے دعا ہے كہ وہ آپ كو نيك و صالح خاوند اور اولاد عطا فرمائے.

واللہ اعلم .

ماخذ: الاسلام سوال و جواب